قرآن سے دوری امہ کے زوال کی وجہ ،انیلہ محمود
مسلم ممالک وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود کمزوری،انتشار کا شکا ر
ملتان (کرائم رپورٹر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے تحت جاری ‘‘ہر دل تک قرآن’’ پروجیکٹ کی نگران ڈاکٹر انیلا محمود نے جنوبی پنجاب کے دورے کے آخری مرحلے میں ملتان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پروجیکٹ کے شرکاء سے ملاقاتیں کیں، کلاسز کا جائزہ لیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر رہنمائی فراہم کی۔انہوں نے مربیات اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری شب و روز کی محنت کا مقصد اللہ کی رضا کا حصول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں قرآنی پروجیکٹس کی اشد ضرورت ہے کیونکہ مسلم امہ وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود کمزوری اور انتشار کا شکار ہے ، جس کی بڑی وجہ قرآن سے دوری ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی صورت میں سب سے بڑی انسانی قوت مسلم دنیا کے پاس موجود ہے ، تاہم عالمی قوتیں ان نوجوانوں کو اپنے اثر میں لانے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ ذہنی و فکری طور پر انہیں متاثر کیا جا سکے۔انہوں نے مختلف عالمی سیاسی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک کو اپنے وسائل اور نوجوان نسل کو منظم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ خود انحصاری حاصل کی جا سکے ۔اجلاس میں ممبر مرکزی شوریٰ شازیہ شیر افضل، ضلعی صدر رضیہ عابد، نگران شعبہ تربیت رفیعہ فاطمہ، ضلعی نائبین اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔