ملکی سالمیت کیلئے اتحاد امت بنیادی ضرورت،حافظ اسلم
امام عالی مقام ؓ کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے اسلامی اقدار کو فروغ دیناہوگا
ملتان (کرائم رپورٹر)ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام اتحادِ امت سیمینار جامع العلوم معصوم شاہ روڈ ملتان میں منعقد ہوا جس کی صدارت حافظ محمد اسلم صدر ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب نے کی جبکہ محمد ایوب مغل سیکرٹری جنرل نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔سیمینار میں مقررین نے پاکستان کی سالمیت اور امن کے لئے اتحادِ امت کو بنیادی ضرورت قرار دیا اور کہا کہ عشرہ محرم میں تمام مسالک کو باہمی ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ۔اجلاس میں جمعیت اہلحدیث کے علامہ مولانا عبدالرحیم گجر اور علامہ عنایت اللہ رحمانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے اسلامی اقدار کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے اور علماء کرام اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امن کے قیام کے لئے تمام اداروں اور مکاتب فکر کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ ملی یکجہتی کونسل نے بھی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔