جابروں کے سامنے کلمہ حق کربلا کا حقیقی پیغام،ناصر میاں

جابروں کے سامنے کلمہ حق  کربلا کا حقیقی پیغام،ناصر میاں

ملتان (کرائم رپورٹر) جمعیت علمائے پاکستان ضلع ملتان کے زیر اہتمام خانقاہ حامدیہ میں پیغامِ کربلا کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت مرکزی نائب صدر جمعیت علمائے پاکستان صاحبزادہ ناصر میاں نقشبندی نے کی۔

مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ وقت کے آمروں اور جابروں کے سامنے کلمہ حق بلند کرنا ہی کربلا کا حقیقی پیغام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول  حضرت امام حسینؓ نے اپنے رفقا کے ساتھ حق کی خاطر عظیم قربانی دی اور جام شہادت نوش کیا، جس سے یہ پیغام ملتا ہے کہ سرمدی زندگی حق کی راہ میں قربانی سے ہی حاصل ہوتی ہے ۔صوبائی صدر علامہ نور احمد سیال سعیدی نے کہا کہ قائد ملت اسلامیہ شاہ احمد نورانی نے سیاست میں حسینی کردار ادا کرتے ہوئے ہمیشہ حق کا علم بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں امن و استحکام کے لئے نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کی ضرورت ہے ۔ڈاکٹر جاوید اختر نورانی نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفی ﷺ میں مضمر ہے اور اس مقصد کے لیے ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔ ضلعی صدر حاجی سجاد حامدی نے کہا کہ اسوہ شبیریؓ پر عمل کر کے ظلم و ناانصافی کے خاتمے کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں