وہاڑی گولڈن جوبلی، مختلف مقابلہ جات کا آغاز کر دیا گیا

وہاڑی گولڈن جوبلی، مختلف  مقابلہ جات کا آغاز کر دیا گیا

وہاڑی(نمائندہ خصوصی)ضلع وہاڑی کے 50 سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں مختلف مقابلہ جات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔

 تفصیل کے مطابق ضلع وہاڑی جو اپنے قیام کے 50 سال مکمل کر رہا ہے ، اس موقع پر گولڈن جوبلی تقریبات نہایت جوش و خروش سے منائی جا رہی ہیں۔ ان تقریبات میں عوامی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے مختلف مقابلہ جات کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے ۔ان مقابلہ جات سے متعلق آگاہی پروگرام میاں نیر خورشید نے اسلامیہ سکول وہاڑی کے سٹاف کے ہمراہ جاری کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ \"کیسا تھا وہاڑی\" کے عنوان کے تحت شہری وہاڑی کے ماضی سے متعلق تاریخی دستاویزات اور معلومات شیئر کر سکیں گے ۔ اسی طرح \"کیسا ہے وہاڑی\" کے عنوان سے موجودہ دور کی خوبصورت تصاویر یا پانچ سیکنڈ کی مختصر ویڈیوز مقابلے کا حصہ ہوں گی۔مزید بتایا گیا کہ \"وہاڑی کے محسنین\" کے عنوان کے تحت ایسی شخصیات کو اجاگر کیا جائے گا جنہوں نے وہاڑی کی پہچان بننے میں کردار ادا کیا، جن کی تصاویر اور معلومات جمع کروائی جائیں گی۔

اس کے علاوہ سب سے اہم مقابلہ \"وہاڑی میرا خواب میری سوچ\" کے عنوان سے ہوگا جس میں شہری 10 سیکنڈ کی ویڈیوز، اے آئی سے تیار کردہ تصاویر یا 100 سے کم الفاظ پر مشتمل تحریر کے ذریعے یہ بتائیں گے کہ وہ مستقبل میں وہاڑی کو کیسا دیکھنا چاہتے ہیں۔میاں نیر خورشید نے اس موقع پر شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ان مقابلہ جات اور گولڈن جوبلی تقریبات میں بھرپور حصہ لیں اور انہیں ضلع کی بہتری اور ترقی کے لیے ایک تجدید عہد کے طور پر منائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں