پنجاب میں 1227 اساتذہ کی گریڈ 17 میں ترقی
محکمہ تعلیم کا نوٹیفکیشن جاری، ایس ایس ٹیز کو فوری پروموشن دینے کا فیصلہ
ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے محکمانہ پروموشن کمیٹی کی سفارشات کی منظوری کے بعد صوبہ بھر کے ایس ایس ٹیز (بی ایس 16) کو بی ایس 17 میں ترقی دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ ترقی پانے والے اساتذہ کو ہیڈ ماسٹر، ڈپٹی ہیڈ ماسٹر، سبجیکٹ سپیشلسٹ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور دیگر مساوی عہدوں پر فوری طور پر تعینات کیا جائے گا۔محکمہ کے مطابق اس مرحلے میں مجموعی طور پر 1227 اساتذہ کو ترقی دی گئی ہے جن میں مرد اور خواتین اساتذہ شامل ہیں۔ جاری نوٹیفکیشن کے تحت تمام ترقیاں مستقل بنیادوں پر دی گئی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام محکمہ تعلیم میں انتظامی امور کو مزید بہتر بنانے اور تجربہ کار اساتذہ کو قیادت کی ذمہ داریاں دینے کیلئے کیا گیا ہے ۔ ترقی پانے والے اساتذہ کو جلد نئی تعیناتیوں کے احکامات جاری کئے جائیں گے ۔تعلیمی حلقوں کے مطابق بڑے پیمانے پر ہونے والی یہ پروموشنز سرکاری سکولوں میں انتظامی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور تدریسی نظام میں بہتری لانے میں مددگار ثابت ہوں گی.