انگلش کورس کا بائیکاٹ، اساتذہ کی تنخواہیں روکنے کا حکم
پنجاب میں 2 ارب کے تربیتی پروگرام میں غیر حاضری پر سخت کارروائی
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب میں اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری کے لئے گرمیوں کی تعطیلات کے دوران 2 ارب روپے کی لاگت سے انگلش لینگویج پروفیشنسی ٹریننگ پروگرام جاری ہے ، تاہم مختلف مراکز میں اساتذہ کی کم حاضری سامنے آنے پر محکمہ تعلیم نے سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔تفصیلات کے مطابق صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 35 ہزار اساتذہ کو انگلش لینگویج کی خصوصی تربیت دی جا رہی ہے تاکہ تدریسی معیار کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے ۔ حکام کے مطابق بعض اضلاع میں اساتذہ کی غیر حاضری اور ٹریننگ پروگرام کے بائیکاٹ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔محکمہ تعلیم نے ٹریننگ پروگرام میں شرکت نہ کرنے والے اساتذہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کی تنخواہیں روکنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ فیلڈ افسروں کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ اساتذہ کی سو فیصد حاضری یقینی بنائیں اور اپنی رپورٹس باقاعدگی سے جمع کرائیں۔حکام کا کہنا ہے کہ پروگرام کا مقصد اساتذہ کی انگلش زبان پر مہارت بہتر بنانا اور تعلیمی معیار میں بہتری لانا ہے ۔