سرکاری سکولوں میں سربراہان کی تعیناتی کیلئے نیا نظام نافذ
پنجاب بھر میں میرٹ پر مبنی ٹیسٹ، 125 امیدوار امتحان میں شریک
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں ہیڈ ماسٹر، سینئر ہیڈ ماسٹر اور پرنسپل کی تعیناتی کے لئے میرٹ پر مبنی نیا نظام نافذ کر دیا گیا، جس کے تحت امیدواروں کے لئے باقاعدہ امتحان کا انعقاد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں گریڈ 17 سے 19 تک کے اساتذہ کے لئے ٹیب کے ذریعے آن لائن ٹیسٹ لیا گیا۔ امتحانی مرکز گورنمنٹ پائلٹ ہائر سکینڈری سکول وحدت کالونی میں قائم کیا گیا جہاں مجموعی طور پر 125 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا۔حکام کے مطابق سکول سربراہان کی تعیناتی کے عمل میں شفافیت کو اولین ترجیح دی گئی ہے اور تمام انتظامات میرٹ کو یقینی بنانے کے لئے کئے گئے ۔ امتحان کے نتائج کی بنیاد پر اہل امیدواروں کو مختلف سرکاری سکولوں میں قیادت کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اس نئے نظام کا مقصد تعلیمی اداروں میں بہتر انتظامی صلاحیتوں کے حامل افسروں کی تعیناتی اور تعلیمی معیار میں بہتری لانا ہے ۔