چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف کا ملتان میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف کا ملتان میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

حضرت بہاؤالدین زکریا ؒ کے عرس سے قبل تعمیراتی کام مکمل کرنے کی ہدایت

ملتان (وقائع نگار خصوصی) سیکرٹری حکومت پنجاب و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ملتان میوزیم کا دورہ کیا اور وہاں محفوظ تاریخی نوادرات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بطور سیکرٹری انڈسٹریز اپنے دور میں میوزیم کے قیام میں کردار کو یاد کرتے ہوئے متعلقہ افسروں کی خدمات کو سراہا۔بعدازاں انہوں نے حضرت بہاؤالدین زکریاؒ کے مزار کے قریب والڈ سٹی اتھارٹی کے زیر تعمیر لنگر خانہ اور منیجر آفس کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر کام کی سست رفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ 15 جولائی تک تمام تعمیراتی کام مکمل کرکے سہولت اوقاف انتظامیہ کے حوالے کی جائے تاکہ عرس کے دوران زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ڈاکٹر احسان بھٹہ نے حضرت شاہ رکن عالمؒ کے مزار کے قریب زیر تعمیر واش روم بلاک کا بھی معائنہ کیا اور اسے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔ بعدازاں انہوں نے حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ کے مزار پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے معیارِ تعمیر برقرار رکھنے اور بارش کے پانی کی نکاسی کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں