ایچ آئی وی رپورٹ معاملہ، 5 افسروں واہلکاروں کو شوکاز نوٹس

ایچ آئی وی رپورٹ معاملہ، 5 افسروں واہلکاروں کو شوکاز نوٹس

نشتر ہسپتال میں مریض کی رپورٹ پر غفلت ا لزام ،24 جون کو ذاتی سماعت مقرر

ملتان ( لیڈی رپورٹر) پنجاب سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال ملتان میں مریض کی ایچ آئی وی رپورٹ سے متعلق مبینہ غفلت کے معاملے پر پانچ افسروں و اہلکاروں کے خلاف کارروائی اورشوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے پرسنل ہیرنگ نوٹس جاری کر دیا ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق محکمانہ انکوائری کے بعد سابق ایڈمن رجسٹرار لیب نشتر ہسپتال ڈاکٹر شہباز انور، سینئر رجسٹرار سرجری ڈاکٹر فریحہ احمد، سابق میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد نعیم اختر، سابق میڈیکل آفیسر شعبہ اینستھیزیا ڈاکٹر محمد علی جان اور سابق سٹاف نرس ردا زہرہ شامل ہیں۔نوٹس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سرجیکل وارڈ میں ایک مریض کی  ایچ آئی وی رپورٹ کے معاملے میں متعلقہ افسروں و اہلکاروں نے اپنی ذمہ داریوں میں غفلت برتی ۔دستاویز کے مطابق بعض افسروں پر رپورٹ بروقت چیک نہ کرنے ، متعلقہ حکام کو آگاہ نہ کرنے اور پروٹوکول کے مطابق کارروائی نہ کرنے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق پنجاب ایمپلائز ایفیشنسی، ڈسپلن اینڈ اکاؤنٹیبلٹی ایکٹ 2006 کے تحت انکوائری مکمل ہونے کے بعد جواب غیر تسلی بخش قرار دیا گیا، جس پر مزید محکمانہ کارروائی کے لیے ذاتی سماعت مقرر کی گئی ہے ۔نوٹس کے مطابق تمام متعلقہ افراد کو 24 جون 2026 کو لاہور میں سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ عدم پیشی کی صورت میں یکطرفہ فیصلہ کیے جانے کا بھی عندیہ دیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں