نشتر ہاسٹل اسسٹنٹ وارڈن کی تعیناتی پر تنازع، میرٹ پر سوالات
نشتر ہاسٹل اسسٹنٹ وارڈن کی تعیناتی پر تنازع، میرٹ پر سوالاتسینئر ڈاکٹر کی برطرفی اور جونیئر کی تعیناتی، قواعد سے انحراف کے الزامات
ملتان (لیڈی رپورٹر)نشتر ہسپتال ملتان میں ہاؤس سٹاف ڈاکٹرز ہاسٹل کے اسسٹنٹ وارڈن کی تعیناتی ایک بار پھر تنازع کا باعث بن گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال انتظامیہ نے گریڈ 18 کے سینئر ڈاکٹر محمد اظہر کو عہدے سے ہٹا کر گریڈ 17 کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر راشد عمران کو اسسٹنٹ وارڈن تعینات کر دیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر ڈاکٹر کو عہدے سے ہٹانے کی کوئی تحریری وجہ فراہم نہیں کی گئی، جبکہ اس تقرری کے لیے قواعد کے مطابق نہ تو درخواستیں طلب کی گئیں اور نہ ہی کوئی باضابطہ عمل اپنایا گیا، جس کے باعث شفافیت اور میرٹ پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ یہ تعیناتی محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب کی پالیسی اور سیکرٹری صحت کی ہدایات سے بھی متصادم قرار دی جا رہی ہے ، جن میں انتظامی عہدوں پر ترجیحاً سینئر اور مستقل افسران کی تعیناتی کی ہدایت کی گئی ہے ۔ طبی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جائے اور اگر تقرری قواعد و ضوابط کے خلاف ثابت ہو تو اسے منسوخ کر کے میرٹ اور سینیارٹی کے مطابق ذمہ داری سونپی جائے ۔ تاہم اس حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آ سکا۔