انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب، نابینا افراد کا احتجاج مؤخر
انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب، نابینا افراد کا احتجاج مؤخرمطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو دوبارہ دھرنا ہوگا:مظاہرین کا اعلان
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ضلع انتظامیہ سے کامیاب مذاکرات کے بعد ڈپٹی کمشنر آفس کوٹ ادو کے سامنے بصارت سے محروم افراد کا اپنے آئینی، قانونی، معاشی اور بنیادی حقوق کے حصول کے لیے جاری احتجاجی دھرنا عارضی طور پر مؤخر کر دیا گیا شدید گرمی اور حبس کے باوجود مظاہرین نے کئی گھنٹوں تک پرامن احتجاج جاری رکھا اور معذور افراد کے لیے مختص ملازمتی کوٹے پر مکمل عملدرآمد، مستقل روزگار اور دیگر جائز مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔ احتجاج کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بھی موقع پر پہنچے ، تاہم ابتدائی مرحلے میں کوئی باضابطہ پیش رفت نہ ہو سکی۔ بعد ازاں ضلعی انتظامیہ اور احتجاجی نمائندگان کے درمیان مذاکرات ہوئے ، جن میں انتظامیہ نے جائز مطالبات پر مثبت پیش رفت، عملی اقدامات اور ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو کے ساتھ تفصیلی اجلاس منعقد کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ احتجاجی نمائندگان نے کہا کہ انتظامیہ کی یقین دہانی پر اعتماد کرتے ہوئے دھرنا فی الحال مؤخر کیا گیا ہے ، تاہم اگر وعدوں پر عملدرآمد نہ ہوا یا مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو دوبارہ احتجاجی دھرنا شروع کیا جائے گا۔، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔ مظاہرین نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ ان کے مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے تاکہ ان کا مستقل حل ممکن بنایا جا سکے ۔