1من سے زائد فنگس زدہ اچار ،22 کلو ملاوٹی مرچیں تلف

1من سے زائد فنگس زدہ اچار ،22 کلو ملاوٹی مرچیں تلف

1من سے زائد فنگس زدہ اچار ،22 کلو ملاوٹی مرچیں تلفاچار یونٹ کو جرمانہ عائد،کریانہ سٹور مالک موقع پر گرفتار، مقدمہ درج

ملتان (لیڈی رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹی اور مضر صحت خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ملتان میں ایک کریانہ سٹور اور اچار تیار کرنے والے یونٹ پر چھاپے مارے ۔ کارروائی کے دوران 22 کلو ملاوٹی سرخ مرچیں اور ایک من سے زائد فنگس زدہ اچار تلف کر دیا گیا، جبکہ ملاوٹی مرچیں فروخت کرنے والے دکاندار کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے مین بازار ٹاٹے پور اور علی والا نئی آبادی میں کارروائیاں کیں۔؎

کریانہ سٹور سے حاصل کیے گئے سرخ مرچوں کے نمونوں میں مصنوعی رنگ اور ملاوٹ کی تصدیق پر تمام ملاوٹی مرچیں تلف کر دی گئیں۔ دوسری کارروائی میں اچار پروڈکشن یونٹ کے ڈرموں سے ایک من سے زائد فنگس زدہ، بدبودار اور انسانی صحت کے لیے مضر اچار برآمد ہوا، جسے موقع پر تلف کر دیا گیا۔ معائنے کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیاں بھی سامنے آئیں، جس پر یونٹ کے مالک کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہری ملاوٹ یا مضر صحت خوراک سے متعلق شکایات پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر درج کرا سکتے ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں