نشتر: ڈائیلاسزیونٹ میں 8 نئ مشینیں شامل، تعداد 34 ہوگئی

نشتر: ڈائیلاسزیونٹ میں 8 نئ مشینیں شامل، تعداد 34 ہوگئی

دو آر او پلانٹس، الٹراساؤنڈ ، ای سی جی مشین بھی عطیہ ،اسوقت 250مریض رجسٹرڈ،ہر ماہ تین ہزار سے زائد ڈائیلاسز ہورہے ،مریضوں کے انتظار کا دورانیہ کم، علاج میں بہتری آئیگی ، ہسپتال انتظامیہ

ملتان (لیڈی رپورٹر)نشتر ہسپتال ملتان کے ڈائیلاسز یونٹ میں آٹھ نئی ڈائیلاسز مشینیں شامل،دو آر او پلانٹس، ایک الٹراساؤنڈ اور ایک ای سی جی مشین بھی عطیہ کی گئی۔تفصیلات کے مطابق امریکہ میں مقیم نشتر ہسپتال کے سابق ڈاکٹروں کی تنظیم نانا کے تعاون سے نشتر ہسپتال ملتان کے ڈائیلاسز یونٹ میں آٹھ نئی ڈائیلاسز مشینیں شامل کر دی گئی ہیں، چار مشینیں پرانے جبکہ چار نئی ڈائیلاسز یونٹ میں نصب کی گئی ہیں۔افتتاحی تقریب میں نئی مشینوں کا افتتاح نشتر ہسپتال سے ڈائیلاسز کرانے والے مریضوں سے کرایا گیا۔ تنظیم کی جانب سے دو آر او پلانٹس، ایک الٹراساؤنڈ اور ایک ای سی جی مشین بھی عطیہ کی گئی ہے ۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق نئی مشینوں کی شمولیت کے بعد ڈائیلاسز یونٹ کی مجموعی استعداد چونتیس مشینوں تک پہنچ گئی ہے ۔ اس وقت نشتر ہسپتال میں اڑھائی سو مریض رجسٹرڈ ہیں جبکہ ہر ماہ تین ہزار سے زائد ڈائیلاسز کیے جا رہے ہیں۔وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت مریضوں کو مفت اور محفوظ ڈائیلاسز کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔

اے ایم ایس ایڈمن نشتر ہسپتال ڈاکٹر عبدالقادر خان نے نانا تنظیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نئی مشینوں کی فراہمی سے مریضوں کے انتظار کا دورانیہ کم ہوگا اور علاج کی سہولت مزید بہتر بنائی جا سکے گی۔وائس چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی ہدایات کے مطابق ہیپاٹائٹس بی اور سی کے مثبت اور منفی مریضوں کے لیے الگ الگ ہال مختص کیے گئے ہیں تاکہ کراس انفیکشن کے خطرات کو کم سے کم رکھا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں