صدر بازارکے اہم چوک کی تزئین و آرائش کا افتتاح

صدر بازارکے اہم چوک کی تزئین و آرائش کا افتتاح

جدید ڈیزائن، خوبصورت لینڈ سکیپنگ اور دیدہ زیب تزئین، مزید دلکش بنادیا گیا

ملتان( وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے نجی سیکٹر کے تعاون سے صدر بازار کے اہم چوک کی تزئین و آرائش کے مکمل منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ شہر کے مرکزی مقام کو جدید ڈیزائن، خوبصورت لینڈ سکیپنگ اور دیدہ زیب تزئین کے ذریعے شہریوں کیلئے مزید دلکش بنا دیا گیا ہے ۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ملتان کو خوبصورت، سرسبز اور جدید سہولیات سے آراستہ شہر بنانے کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں۔ شہر کے اہم مقامات کی بحالی اور خوبصورتی کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ آئی ڈیپ کی جانب سے چوک کی تزئین و آرائش کیلئے خصوصی ڈیزائن تیار کیا گیا جبکہ نجی سیکٹر کے تعاون سے منصوبے کو مکمل کیا گیا ہے ۔ جدید طرز کی بیوٹیفکیشن سے صدر بازار کے مرکزی چوک کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ملتان کی تاریخی و ثقافتی پہچان کو برقرار رکھتے ہوئے شہر کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے جامع حکمت عملی پر کام کیا جا رہا ہے ۔ شہری مقامات کی بہتری سے نہ صرف شہر کا حسن بحال ہوگا بلکہ شہریوں کو خوشگوار ماحول بھی میسر آئے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں