حکومت نجی اداروں کی براہ راست شمولیت چاہتی ہے : ڈپٹی کمشنر
پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے منصوبوں میں نجی شعبے کی شمولیت بڑھے گی
لودھراں (سٹی رپورٹر ) حکومت پنجاب کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) پروگرام کے تحت بزنس کمیونٹی کی سرکاری اداروں کے ساتھ عوامی مفادات میں براہ راست شمولیت کے فروغ کے لیے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حافظ محمد ظفر، ایم ڈی واسا عبدالسلام، سی او عمر مختار، ایکسیئن بلڈنگ خالد رشید، زین حیدر، ڈاکٹر مہتاب اعظم، محمد محسن، ساجد محمود، بشیر افضل، ساجد کریم اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈیجیٹل اسکلز ڈویلپمنٹ، سپورٹس، پارکس، میونسپل سٹیڈیم، فوڈ سٹریٹ اور دیگر سرمایہ کاری تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ حکومت پنجاب مفاد عامہ کے شعبوں میں نجی اداروں کی براہ راست شمولیت چاہتی ہے اور بزنس کمیونٹی کو سرکاری محکموں کی پی پی پی تجاویز سے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ایکٹ کے تحت نجی شعبے کو سہولیات فراہم کی جائیں گی، جس سے کاروباری سرگرمیوں، سرکاری آمدن اور عوامی سہولیات میں اضافہ ممکن ہوگا۔