گاڑی خریدنے کیلئے دی گئی 35لاکھ روپے کی رقم ہڑپ
رقم واپسی کا مطالبہ کرنے پر دھمکیوں کا الزام، مقدمہ درج ،مزید تحقیقات جاری
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)تھانہ صدر کوٹ ادو میں گاڑی کی خریداری کے لیے دی گئی 35 لاکھ روپے کی امانت مبینہ طور پر ہڑپ کرنے اور رقم واپس مانگنے پر دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ایف آئی آر کے مطابق کھائی چک سوئم کے رہائشی اور ڈی پی او آفس کوٹ ادو میں تعینات ہیڈ کلرک محمد فاروق نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کا سابقہ تعلق پولیس ویلفیئر پٹرول پمپ مظفرگڑھ سے رہا، جہاں محمد اکبر بطور پرائیویٹ منشی کام کرتا تھا اور دونوں کے درمیان دوستانہ تعلقات تھے ۔مدعی کے مطابق تقریباً ڈھائی ماہ قبل سندیلہ چوک پر ملاقات کے دوران اس نے گاڑی خریدنے کی غرض سے اپنے پاس موجود 35لاکھ روپے محمد اکبر کے سپرد کیے تاکہ وہ یہ رقم اس کے مظفرگڑھ والے گھر پہنچا دے ، تاہم ملزم نے رقم مقررہ جگہ نہ پہنچائی اور بعد میں مختلف حیلے بہانوں سے ٹالتا رہا۔