پرانا خانیوال میں صفائی کا ناقص نظام، شہری شدید پریشان
گندگی، سیوریج ،تعفن سے مشکلات ، متعلقہ اداروں سے کارروائی کی اپیل
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)پرانا خانیوال میں صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث گندگی کے ڈھیر اور جگہ جگہ جمع کوڑا کرکٹ شہریوں کے لیے سنگین مسئلہ بن گیا ہے ۔ علاقہ مکینوں نے \"ستھرا پنجاب\" پروگرام اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فوری اصلاحی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد گلیوں اور سڑکوں کی بروقت صفائی نہ ہونے سے تعفن پھیل رہا ہے ، جبکہ نالیوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث سیوریج کا پانی جمع رہتا ہے ، جس سے آمدورفت متاثر ہونے کے ساتھ مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ۔اہلِ علاقہ نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ادارے صرف دعووں تک محدود رہنے کے بجائے صفائی کے نظام کو مؤثر بنائیں اور روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے انتظامات یقینی بنائیں۔شہریوں نے کمشنر ملتان، ڈپٹی کمشنر خانیوال اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ پرانا خانیوال کا دورہ کرکے صورتحال کا خود جائزہ لیں۔