خانیوال کا واحد انڈر پاس تاحال بنیادی سہولیات سے محروم
لائٹنگ، روڈ مارکنگ ، زیبرا کراسنگ نہ ہونے پر شہریوں کااپ گریڈیشن کا مطالبہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)خانیوال کا واحد انڈر پاس تاحال بنیادی سہولیات سے محروم ہے ، جس کے باعث شہریوں کو روزانہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مناسب روشنی، روڈ مارکنگ، زیبرا کراسنگ اور دیگر حفاظتی انتظامات نہ ہونے سے ٹریفک حادثات میں اضافے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق رات کے وقت ناکافی روشنی کے باعث گاڑی چلانے والوں کو شدید دشواری پیش آتی ہے ، جبکہ سڑک کے درمیان پیلی اور کناروں پر سفید لائنیں نہ ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے ۔ پیدل چلنے والوں، خصوصاً طلبہ، خواتین اور بزرگوں کو بھی سڑک عبور کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ حکام کی توجہ اس مسئلے کی جانب مبذول کرائی گئی، مگر انڈر پاس کی اپ گریڈیشن کے لیے تاحال کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے ۔