پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی بڑھے گی، خالد محمود
مہنگائی کنٹرول،عوامی ریلیف کیلئے مؤثر فوری اقدامات کئے جائیں، پی پی رہنما
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)پیپلز پارٹی خانیوال کے ضلعی جنرل سیکرٹری پروفیسر رانا خالد محمود ایڈووکیٹ نے ملکی معاشی صورتحال اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل مہنگائی نے عوام کی زندگی شدید مشکلات سے دوچار کر دی ہے ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی نئی لہر کو جنم دے گا، جس کے اثرات ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں پر بھی مرتب ہوں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے یوٹیلٹی بلوں سے پریشان عوام مزید مالی بوجھ اٹھانے کی استطاعت نہیں رکھتے ۔پروفیسر رانا خالد محمود ایڈووکیٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوامی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔