گیلانی لاء کالج گریجویشن تقریب، طلبہ،اساتذہ کی شرکت
وکلاء بارکے وقار کوبرقرار،سینئرز کی عزت کریں،ڈاکٹر بلال،عمرحیات
ملتان (خصوصی رپورٹر)یونیورسٹی گیلانی لاء کالج، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں ایل ایل بی کلاس 2026 کے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں گریجویشن تقریب منعقد ہوئی، جس میں ججز، سینئر وکلاء، اساتذہ، فارغ التحصیل طلبہ و طالبات اور والدین نے شرکت کی۔مہمانِ خصوصی جسٹس (ر) سردار احمد نعیم، ڈائریکٹر جنرل پنجاب جوڈیشل اکیڈمی نے گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انصاف مہذب اور پُرامن معاشرے کی بنیاد ہے ، جبکہ وکلاء آئین کے تحفظ، بنیادی حقوق کے دفاع اور قانون کی بالادستی کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے نوجوان وکلاء پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں دیانت داری، مسلسل سیکھنے اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔پرنسپل یونیورسٹی گیلانی لاء کالج ڈاکٹر محمد بلال نے کہا کہ قانون کی ڈگری کا حصول نئی ذمہ داریوں کا آغاز ہے ، اس لئے نوجوان وکلاء انصاف، پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ اخلاقی اقدار اور دیانت داری کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔
صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان چودھری عمر حیات نے کہا کہ وکلاء بار کے وقار کو برقرار رکھیں، اپنے سینئرز کا احترام کریں، پیشہ ورانہ اخلاقیات کی پابندی کریں اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے خلوص اور لگن سے خدمات انجام دیں۔سپریم کورٹ کے وکیل محمد علی صدیقی نے کہا کہ وکالت میں کامیابی مسلسل محنت، صبر، مضبوط قانونی علم اور حق و انصاف سے وابستگی سے حاصل ہوتی ہے ۔ انہوں نے گریجویٹس کو آئین کی پاسداری، مسلسل علمی ترقی اور دیانت داری کے ساتھ عوامی خدمت کی تلقین کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments