تربیتی کورس سے غیر حاضری، ایک استاد معطل، پانچ کو نوٹس
لازمی تربیت نظرانداز کرنے پر پیڈا ایکٹ کے تحت محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا
ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ سکولز ملتان نے انگریزی زبان کی لازمی تربیتی ورکشاپ میں غیر حاضری پر سخت کارروائی کرتے ہوئے ایک استاد کو معطل جبکہ مزید پانچ اساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے ۔محکمانہ مراسلے کے مطابق گورنمنٹ پرائمری سکول سمندری سادات، ملتان کے استاد سید محسن رضا کو پیکٹا رنگیل پور میں 20 جولائی 2026 سے شروع ہونے والے ‘‘انگلش لینگویج پروفیشنل ڈویلپمنٹ پروگرام’’ میں شرکت کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم متعدد احکامات کے باوجود انہوں نے تربیت میں شرکت نہیں کی۔ محکمہ نے اس عمل کو فرائض میں غفلت، نااہلی، بدانتظامی اور سرکاری احکامات کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے پنجاب ایمپلائز ایفیشنسی، ڈسپلن اینڈ اکاونٹیبلٹی (پیڈا) ایکٹ 2006 کے تحت انہیں فوری طور پر معطل کر دیا۔حکم نامے کے مطابق معطلی کے دوران متعلقہ استاد کو تربیتی کورس مکمل کرنا ہوگا، جس کے بعد وہ اپنے دفتر میں رپورٹ کریں گے ، جبکہ ان کے خلاف باقاعدہ محکمانہ کارروائی بھی جاری رہے گی۔دریں اثنا، انگریزی تربیت کے پہلے سیشن سے غیر حاضر رہنے والے مزید پانچ اساتذہ جویریہ الیاس، شہزاد اسلم، عمر فاروق، رشید اکبر اور فہیم کو بھی شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ انہیں 23 جولائی 2026 کو دوپہر ایک بجے ذاتی حیثیت میں متعلقہ دفتر میں پیش ہو کر اپنی غیر حاضری کی تحریری وضاحت جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments