عالمی یومِ ہیپاٹائٹس، الخدمت کے زیر اہتمام آگاہی واک کا انعقاد

عالمی یومِ ہیپاٹائٹس، الخدمت کے زیر اہتمام آگاہی واک کا انعقاد

بروقت تشخیص، سکریننگ اور ویکسی نیشن مرض سے تحفظ کی ضمانت ، طبی ماہرین

ملتان (لیڈی رپورٹر)عالمی یومِ ہیپاٹائٹس کے موقع پر عوام میں اس موذی مرض سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے الخدمت ڈائیگناسٹک سینٹر ملتان کے زیر اہتمام آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک سرور روڈ پر واقع الخدمت ڈائیگناسٹک سینٹر سے شروع ہو کر کلمہ چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔واک کی قیادت ڈائریکٹر الخدمت ڈائیگناسٹک سینٹر ڈاکٹر محمد سرور چوہدری نے کی، جبکہ معروف ہیپاٹولوجسٹ ڈاکٹر گوہر علی ارشد، ڈاکٹرز، طبی ماہرین، لیبارٹری اسٹاف، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہیپاٹائٹس سے بچاؤ، بروقت تشخیص، ویکسینیشن اور عوامی آگاہی سے متعلق پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد سرور چوہدری نے کہا کہ ہیپاٹائٹس ایک خاموش مگر خطرناک بیماری ہے ، تاہم بروقت تشخیص، احتیاطی تدابیر، محفوظ طرزِ زندگی اور عوامی آگاہی کے ذریعے اس پر مؤثر قابو پایا جا سکتا ہے ۔

 انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ مستند طبی مراکز سے اسکریننگ اور ٹیسٹ کرائیں، ضرورت کے مطابق ویکسینیشن مکمل کریں اور دوسروں کو بھی اس بیماری سے بچاؤ کے بارے میں آگاہ کریں۔ڈاکٹر گوہر علی ارشد نے کہا کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی کی بروقت تشخیص جگر کی سنگین بیماریوں اور پیچیدگیوں سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ واک کے اختتام پر شرکاء نے اپنے علاقوں میں آگاہی مہم جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ الخدمت ڈائیگناسٹک سینٹر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی صحت کے تحفظ کے لیے ہیپاٹائٹس اسکریننگ، ویکسینیشن اور باقاعدہ طبی معائنہ کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...