بی زیڈ ملازمین نے احتجاجی تحرکی کا آغاز کر دیا، مکمل ہڑتال کا اعلان
انتظامیہ چھ ماہ سے جائز مطالبات پر عملدرآمد کے بجائے ٹال مٹول کررہی، ملازمین کو نظر انداز کرنا ادارے کے مفاد میں نہیں ، صدر ایمپلائز ویلفیئر صفدر حسین کا احتجاجی اجتماع سے خطاب
ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے ملازمین کا مطالبات منظور نہ ہونے پر احتجاج، مکمل قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان۔ تفصیل کے مطابق بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی (بی زیڈ یو) کی ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے ملازمین کے دیرینہ مطالبات منظور نہ ہونے پر احتجاجی تحریک کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے منگل 4 اگست 2026 کو صبح 11 بجے مکمل قلم چھوڑ ہڑتال اور احتجاج کا اعلان کر دیا ہے ۔ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر ملک صفدر حسین اور جنرل سیکرٹری رانا مدثر مشتاق کی قیادت میں پیر کے روز یونیورسٹی کے ایڈمن بلاک کرش ہال میں احتجاجی اجتماع منعقد ہوا۔ صدر ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن ملک صفدر حسین نے کہا یونیورسٹی انتظامیہ چھ ماہ سے ملازمین کے جائز مطالبات پر عملدرآمد کے بجائے مسلسل ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے نئے داخلوں کا آغاز ہو چکا ہے اور ایسوسی ایشن ہرگز نہیں چاہتی کہ تعلیمی ماحول متاثر ہو، تاہم انتظامیہ کے رویے نے ملازمین کو احتجاج پر مجبور کر دیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ اپنے مفادات کے معاملات فوری طور پر نمٹا رہی ہے جبکہ ملازمین کے بنیادی اور قانونی حقوق مسلسل نظر انداز کیے جا رہے ہیں، جس سے ملازمین شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین یونیورسٹی کا اہم حصہ ہیں اور ان کے مسائل کو مزید نظر انداز کرنا ادارے کے مفاد میں نہیں۔ملک صفدر حسین نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ فوری طور پر ملازمین کے تمام زیر التوا معاملات حل کرے۔
، جن میں مختلف کیٹیگریز کے ملازمین کی ترقیوں، ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی، سکیل 1 تا 16 ٹائم سکیل پروموشن، اسکیل 1 تا 4 ملازمین کے لیے 20 فیصد کوٹہ کے تحت جونیئر کلرک کی ترقی، سب انجینئرز، ایڈمن آفیسرز، فیلڈ اسسٹنٹس، ویٹرنری اسسٹنٹس، کمپیوٹر آپریٹرز، ڈیٹا انٹری آپریٹرز، کمپیوٹر پروگرامرز، اسسٹنٹ پروگرامرز، لیبارٹری اسٹاف، اسٹور کیپرز اور دیگر ملازمین کی پروموشنز شامل ہیں۔انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی کے سینٹ اور سنڈیکیٹ سے منظور شدہ اسٹیچیوٹس پر فوری عملدرآمد کیا جائے ، رہائشی کالونیوں کی مرمت کرائی جائے ، لیو انکیشمنٹ جاری کی جائے ، بونس اور اعزازیہ میں اضافہ کیا جائے ، سکیورٹی سٹاف کو مکمل یونیفارم، جیکٹ اور بوٹ فراہم کیے جائیں، ان کا اسکیل اپ گریڈ کیا جائے ، ملازمین کے لیے ٹرانسپورٹ روٹس بحال کیے جائیں، فوت شدہ ملازمین کے لیے بس کی سہولت فراہم کی جائے ، ملازمین کو تعلیم حاصل کرنے کی اجازت دی جائے ، جبکہ ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز کے ناشتے ، دوپہر اور رات کے کھانے کے الاؤنس میں بھی اضافہ کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments