کشمیر میں بھارتی مظالم عالمی ضمیر کیلئے چیلنج ،توصیف احمد یوسفزئی
اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کرے ،سیمینار سے خطاب
میلسی (نامہ نگار )سابق چیئرمین بلدیہ میلسی توصیف احمد خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام پر جبر و استحصال کی ایسی مثال قائم کی ہے جس کی نظیر دنیا میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اقوامِ متحدہ کو فوری طور پر بھارتی مظالم کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میلسی پریس کلب میں یومِ استحصالِ کشمیر کے سلسلے میں سیمینار سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔توصیف احمد خان یوسفزئی نے مزید کہا بھارت جموں و کشمیر پر فوجی قبضے کے بعد مسلسل سازشوں کے ذریعے کشمیری مسلمانوں کی جان، مال اور بنیادی حقوق کو نشانہ بنا رہا ہے ، بھارت کے استحصالی اقدامات نہ صرف انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں بلکہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور عالمی ضمیر کے لیے بھی ایک چیلنج ہیں۔اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر کو طاقت کے بجائے مذاکرات اور ثالثی کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے ،پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کے قیام کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے اور عالمی برادری کو بھی مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے ۔تقریب کے اختتام پرملکی سلامتی و استحکام اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments