کبیروالا ،ریونیو خدمات شفاف ،بروقت فراہم کرنیکی ہدایت
ڈپٹی کمشنر کا تحصیل دفتر اور اراضی ریکارڈ سینٹر دورہ،عوامی سہولیات کا جائزہ لیا
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ضلعی انتظامیہ خانیوال نے عوام کو معیاری اور بروقت سرکاری خدمات کی فراہمی کے لیے گڈ گورننس کے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر حنا ارشد نے کبیروالا کا دورہ کیا اور تحصیل دفتر و اراضی ریکارڈ سینٹر کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے زمینوں سے متعلق ریکارڈ، ریونیو عملے کی حاضری، دفتری امور اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اراضی ریکارڈ سینٹر میں ڈپٹی کمشنر کو گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے اجرا کے طریقہ کار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
حنا ارشد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بورڈ آف ریونیو کی پالیسیوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو ریونیو سے متعلق تمام خدمات شفاف، بروقت اور میرٹ کی بنیاد پر فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور سرکاری دفاتر میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی اور بہتر رویہ اختیار کیا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو آسان اور معیاری سرکاری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ، اس مقصد کے لیے تمام افسران اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments