شاہ جمال سیوریج سسٹم سے محروم، سڑکوں پر پانی جمع

شاہ جمال سیوریج سسٹم سے محروم، سڑکوں پر پانی جمع

برساتی کھالیں بند،گلیوں میں جمع شدہ گندا پانی وبال جان،بیماریاں پھیلنے کا خدشہ

مونڈکا (نامہ نگار)شاہ جمال شہر کو آباد ہوئے کئی دہائیاں گزر گئیں مگر لاکھوں کی آبادی والا شہر آج بھی مستقل سیوریج اور نکاسیٔ آب کے نظام سے محروم ہے ۔ شہر کا گندا پانی سیوریج پائپ لائن کے ذریعے سڑکوں کے کنارے قائم برساتی کھالوں میں چھوڑا جاتا ہے ، تاہم متعدد مقامات پر کھالے بند ہونے کے باعث پانی سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہو جاتا ہے ۔ مین بازار سے عثمان کوریہ چوک تک کئی مقامات پر گندا پانی کھڑا ہونے سے شہریوں، دکانداروں اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ کھڑا گندا پانی حال ہی میں تعمیر ہونے والی سڑک کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے ، جبکہ بدبو کے باعث تعفن پھیل رہا ہے اور دکانداروں کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں خالی پلاٹ بھی گندے پانی کے جوہڑوں میں تبدیل ہو چکے ہیں، جہاں مچھروں اور مکھیوں کی افزائش بڑھ رہی ہے ۔ شہریوں نے ملیریا، جلدی امراض اور دیگر بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار احتجاج اور متعلقہ حکام سے مطالبات کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہوا۔ بارش کے دوران صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ شاہ جمال کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دے کر مستقل سیوریج نظام قائم کیا جائے ، بند کھالوں کی صفائی، ڈسپوزل مشینری اور واٹر ٹینکرز فراہم کیے جائیں، جبکہ بند واٹر پیوریفکیشن پلانٹس بھی فوری فعال کیے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...