کبیر والا بس سٹینڈ اپ گریڈیشن، 50گرین بس شیلٹرز تعمیر

کبیر والا بس سٹینڈ اپ گریڈیشن، 50گرین بس شیلٹرز تعمیر

ڈی سی کا دورہ، مسافروں ،ٹرانسپورٹرز کی تجاویز لینے ، معیار برقرار رکھنے کی ہدایت

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ضلعی انتظامیہ نے مسافروں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اور پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر حنا ارشد نے جنرل بس سٹینڈ کبیر والا کا دورہ کیا اور جوائنٹ ایکشن اتھارٹی کے تحت بس سٹینڈ کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر کبیر والا ہارون شراز کو ہدایت کی کہ بس سٹینڈ کی بہتری کے لیے ٹرانسپورٹرز سے تجاویز لی جائیں تاکہ مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کا مؤثر حل نکالا جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے کبیر والا، خانیوال روٹ پر گرین الیکٹرک بسوں کے لیے زیر تعمیر بس شیلٹرز کا بھی معائنہ کیا۔

انہوں نے تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والے میٹریل کا معیار برقرار رکھنے اور منصوبہ مقررہ معیار کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی۔حنا ارشد نے بتایا کہ ضلع بھر میں گرین الیکٹرک بسوں کے لیے 50 بس شیلٹرز کی تعمیر تیزی سے جاری ہے ۔ منصوبہ مکمل ہونے سے مسافروں کو انتظار کے دوران محفوظ، بہتر اور آرام دہ سہولیات میسر آئیں گی۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے گرین بسوں کے مسافروں سے ملاقات کر کے سفری سہولیات کے بارے میں بھی معلومات لیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ترجیح ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...