میٹرک نتائج، ڈیجیٹل رزلٹ کارڈز آن لائن دینے کا فیصلہ
الحاق شدہ ادارے پورٹل سے کارڈ ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے ، نجی امیدوار بھی اہل
ملتان(خصوصی رپورٹر)میٹرک پہلے سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کے بعد بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان نے امیدواروں کے لئے اہم ڈیجیٹل سہولت متعارف کرا دی۔ دسویں جماعت کے ڈیجیٹل رزلٹ کارڈز پہلی مرتبہ آن لائن دستیاب کر دیئے گئے ہیں۔بورڈ حکام کے مطابق بورڈ سے الحاق شدہ تعلیمی ادارے اپنے بورڈ ویب پورٹل کے ذریعے امیدواروں کے ڈیجیٹل رزلٹ کارڈز ڈاؤن لوڈ کرکے پرنٹ کرسکیں گے اور متعلقہ طلبہ کو فراہم کریں گے ۔ پرائیویٹ امیدوار بورڈ کی ویب سائٹ پر مطلوبہ کوائف درج کرکے اپنا ڈیجیٹل رزلٹ کارڈ خود بھی ڈاؤن لوڈ اور پرنٹ کرسکیں گے ۔حکام نے واضح کیا کہ ڈیجیٹل رزلٹ کارڈز باقاعدہ طور پر قابلِ اعتبار ہوں گے اور امیدوار انہیں متعلقہ تعلیمی اداروں سمیت دیگر ضروری مقامات پر استعمال کرسکیں گے ۔ بورڈ کے مطابق یہ سہولت رواں سال پہلی مرتبہ متعارف کرائی گئی ہے ۔
امیدواروں کی سہولت کے پیش نظر روایتی مینول رزلٹ کارڈز بھی پرنٹ کرکے ارسال کئے جا رہے ہیں۔ بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل رزلٹ کارڈز کا مقصد امیدواروں کو فوری، آسان، شفاف اور جدید سہولیات فراہم کرنا اور نتائج سے متعلق دستاویزات کے حصول کا عمل مزید سہل بنانا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments