عید میلادالنبیؐ کیلئے جامع سکیورٹی پلان تیار
مذہبی اجتماعات، جلوسوں کے روٹس پر موثر سکیورٹی ،مانیٹرنگ ،ٹریفک مینجمنٹ کو یقینی ، قیام امن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ،تمام مکاتب فکر تعاون کریں،سی پی اوعوام، علماء ضابطہ اخلاق یقینی بنائیں، عامر کریم کا کنونشن سے خطاب، شاہ شمس پارک میں زیر تعمیر جھیل ،کیفے ٹیریا کا معائنہ ،شہریوں کو تفریحی سہولیات فراہمی کیلئے کوشاں ،عامر کریم
ملتان (کرائم رپورٹر )12 ربیع الاول کے حوالے سے سالانہ علماء و مشائخ کنونشن منعقد ہوا جس میں کمشنر ملتان عامر کریم خان سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر اور سمیت علماء کرام، مشائخ عظام اور دیگر معززین نے شرکت کی۔کنونشن کے دوران 12 ربیع الاول کے موقع پر شہر میں منعقد ہونے والی مذہبی تقریبات، محافل اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے سکیورٹی انتظامات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر شہریوں اور شرکاء کو محفوظ اور پرامن ماحول کی فراہمی کے لئے ملتان پولیس کی جانب سے جامع سکیورٹی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔سی پی او ملتان نے متعلقہ پولیس افسروں کو ہدایت کی کہ تمام مذہبی اجتماعات اور جلوسوں کے روٹس پر مؤثر سکیورٹی، مانیٹرنگ اور ٹریفک مینجمنٹ کو یقینی بنایا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔کمشنر ملتان عامر کریم خان نے بھی انتظامیہ اور پولیس کے باہمی تعاون سے 12 ربیع الاول کے پروگرامز کو پرامن اور منظم انداز میں منعقد کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔سی پی او ملتان نے علماء کرام اور مشائخ عظام سے اپیل کی کہ وہ امن، اخوت اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں پولیس و انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔علاوہ ازیں عامر کریم خاں نے شاہ شمس پارک میں زیرِ تعمیر جھیل کا دورہ کیا اور جاری بحالی کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جھیل کو ستمبر کے پہلے ہفتے میں شہریوں کے لیے کھولنے کی ہدایت کرتے ہوئے کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے پر زور دیا۔شاہ شمس پارک کی جھیل 2011 سے غیر فعال تھی۔ کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ شاہ شمس پارک شہر کے مرکز میں واقع اہم تفریحی مقام ہے ، جھیل کی بحالی سے پارک کی رونقیں بحال ہوں گی اور شہریوں کو ایک بہتر تفریحی سہولت میسر آئے گی۔کمشنر نے شاہ شمس پارک میں زیرِ تعمیر کیفے ٹیریا کا بھی معائنہ کیا اور اسے اگست میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments