پارٹنر سکولوں کیلئے نئی گائیڈ لائن،اساتذہ کو تنخواہیں بروقت ادا کرنیکا حکم
اساتذہ کا ریکارڈ سیس ایپ میں مکمل اور درست رکھنا لازمی قرار، سسٹم میں رجسٹرڈ اساتذہ ہی پیف کے منظور شدہ تدریسی عملے میں شمار، اساتذہ کی بائیو میٹرک حاضری یقینی بنانے کی ہدایات
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے پارٹنر سکولوں کو اساتذہ کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہے پیف کی جانب سے جاری مراساسلے میں کہاگیا ہے کہ اساتذہ کا ریکارڈ سیس ایپ میں مکمل اور درست رکھنا لازمی ہوگا، جبکہ صرف وہی اساتذہ پیف کے منظور شدہ تدریسی عملے میں شمار ہوں گے جو سسٹم میں رجسٹرڈ ہوں گے نئی پالیسی کے تحت اساتذہ کی بائیو میٹرک حاضری کو بھی لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور تنخواہوں کی ادائیگی بائیو میٹرک حاضری اور سسٹم میں موجود ریکارڈ کے مطابق کی جائے گی پیف نے واضح کیا ہے کہ اساتذہ کی تنخواہوں میں تاخیر یا غیر قانونی کٹوتی کی صورت میں متعلقہ سکول کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے فاؤنڈیشن نے تمام پارٹنر سکولوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے مالی اور انتظامی ریکارڈ کو مکمل طور پر اپ ڈیٹ رکھیں تاکہ شفافیت اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے ۔نئی گائیڈ لائن پر اساتذہ اور عملے نے اطمینان کا اظہار کیا ہے ان کا کہنا ہے تنخواہوں کی بروقت ادائیگی سے ان کے معاشی مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے گھریلو اخراجات یوٹیلیٹی بلز بچوں کی سکول فیسیں ادا کرنے میں مشکلات کا سامناتھا ،اساتذہ کا کہنا ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے مستقبل میں بھی اقدامات کرنے چاہئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments