اتائیوں کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ
زیروٹالرنس پالیسی نافذ،بلا امتیاز کارروائی شروع کرنیکی ہدایات،ہیپاٹائٹس ،ایچ آئی وی ،کے سرکاری پروگراموں کے تحت علاج میں ڈاکٹرز کو آن بورڈ رہنے کے احکامات جاریڈی ایچ کیو ، ساؤتھ سٹی ہسپتال ، ٹی ایچ کیو شجاع آباد اور ٹی ایچ کیو جلال پور پیر والا میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے سمیت مشینری کی شدید کمی کا سامنا،پی ایم اے وفد کی سی ای ہیلتھ کو شکایات
ملتان(لیڈی رپورٹر)اتائیت کے خلاف زیرو ٹالرنس ،ضلع بھر میں کریک ڈاؤن کا فیصلہ، پی ایم اے وفد کی سی ای او ہیلتھ سے ملاقات تفصیل کے مطابق پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے ) ملتان کے وفد نے صدر پی ایم اے ملتان پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج کی سربراہی میں سی ای او ہیلتھ ملتان ڈاکٹر ثوبان ضیاء سے انکے دفتر میں گزشتہ روز ملاقات کی، جس میں ضلع ملتان کے سرکاری مراکز صحت میں طبی سہولیات، ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی کمی سمیت مختلف مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران پی ایم اے وفد نے اتائیت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت مؤثر اور بلاامتیاز کریک ڈاؤن شروع کرنے پر زور دیا۔
وفد نے نجی کلینکس پر ڈاکٹرز کے ذریعے ٹی بی ،ہیپاٹائٹس اور ایچ آئی وی کے مریضوں کے علاج کو سرکاری ہسپتالوں اور متعلقہ پروگرامز کے ساتھ مؤثر کمیونیکیشن اور رابطہ کاری کے ذریعے یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔پی ایم اے وفد نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال ملتان، ساؤتھ سٹی ہسپتال ملتان، ٹی ایچ کیو شجاع آباد اور ٹی ایچ کیو جلال پور پیر والا میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے سمیت مشینری کی شدید کمی کا سامنا ہے ، جس کے باعث مریضوں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔وفد کی جانب سے ساؤتھ اٹی ہسپتال میں ڈاکٹرز کیلئے مختص رہائش گاہوں میں غیر متعلقہ افراد کے رہائش پذیر ہونے کا معاملہ بھی اٹھایا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ ڈاکٹرز کو دستیاب سرکاری رہائش گاہیں اصل حقداروں کیلئے یقینی بنائی جائیں۔پی ایم اے رہنماؤں نے ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو، رورل ہیلتھ سینٹرز اور بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹرز کو درپیش دیگر مسائل سے بھی سی ای او ہیلتھ کو آگاہ کیا اور ان کے فوری تدارک کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ثوبان ضیاء نے پی ایم اے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ افسران کو تمام مسائل کے فوری حل کے لیے ضروری اقدامات اور احکامات جاری کر دئیے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments