وہاڑی چیمبر کے دونوں گروپس کا اتحاد، نئی باڈی کا اعلان
صنعت و تجارت کے فروغ ،مسائل کے حل کیلئے مشترکہ جدوجہد پر اتفاق
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی) وہاڑی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا اہم اجلاس جم خانہ وہاڑی میں منعقد ہوا، جس میں چیمبر کے دونوں گروپس کے نمائندگان اور ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے دونوں گروپس کے اتحاد کا فیصلہ کرتے ہوئے نئی باڈی اور ایگزیکٹو باڈی کے ارکان کا اعلان کیا گیا۔دونوں گروپس کے درمیان اتحاد اور مفاہمت کے لیے رانا طاہر کریم کی خصوصی کاوشوں کو اہم قرار دیا گیا۔ ان کی کوششوں کے نتیجے میں یونائیٹڈ گروپ، جس کی سرپرستی محمد آصف چوہدری کر رہے ہیں، اور حافظ محمود گروپ، جس کی سرپرستی آصف گجر کر رہے ہیں، نے باہمی اتفاق سے چیمبر کے عہدیداران اور ایگزیکٹو باڈی کے ارکان کے اعلان پر اتفاق کیا۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وہاڑی، بورے والا اور میلسی سے تعلق رکھنے والے چیمبر کے تمام ممبران کو ساتھ لے کر صنعت و تجارت کے فروغ، کاروباری مسائل کے حل اور ضلع کی معاشی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔شرکاء نے کہا کہ باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر اتحاد، اتفاق اور بھائی چارے کی فضا میں چیمبر کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے گا۔ کاروباری و صنعتی شعبے کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے اور مقامی صنعت کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments