قائداعظم سٹیڈیم میں شاندار کبڈی میچ، ملتان وائٹ فاتح
ملتان گرین کو شکست دی، فاتح ٹیم کو پچاس ہزار روپے انعام دیا گیا
بورے والا (سٹی رپورٹر،نمائندہ دنیا)یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام قائداعظم سٹیڈیم بوریوالا میں کبڈی میچ کا انعقاد کیا گیا۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں اور ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے بطور مہمانان خصوصی میچ دیکھا۔ دلچسپ مقابلے میں ملتان وائٹ نے ملتان گرین کو 31 کے مقابلے میں 38 پوائنٹس سے شکست دے دی۔میچ کے دوران کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا، جس پر شائقین نے بھرپور داد دی۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں اور ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ کمشنر نے کہا کہ کبڈی پنجاب کے روایتی اور مقبول کھیلوں میں نمایاں مقام رکھتی ہے ، حکومت پنجاب کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں صحت مند مسابقت، نظم و ضبط اور مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔ کھیلوں کے میدان آباد کرنے سے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع ملتے ہیں۔فاتح ٹیم کو 50 ہزار جبکہ رنر اپ ٹیم کو 30 ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔ بیسٹ ریڈر اور بیسٹ جاپھی کو 10،10 ہزار روپے دیے گئے ۔ بین الاقوامی کھلاڑیوں شہباز، اذان واہلہ، عبداللہ ورک اور عقیل انصاری کو مجموعی طور پر ایک لاکھ روپے انعام دیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بوریوالا جواد حسین ملک سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments