شاہجمال میں غیر اعلانیہ بجلی بندش، شہریوں کا احتجاج
شہریوں نے خود ساختہ جمپرز کے ذریعے کئی گھنٹے بجلی بند رکھنے کا الزام عائد کردیا
مونڈگا (نامہ نگار) شدید گرمی اور حبس کے دوران شاہجمال میں صبح، دوپہر اور شام کے اوقات میں کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش سے شہری پریشان ہوگئے ۔ شہریوں نے واپڈا سب ڈویژن شاہجمال پر شیڈول لوڈشیڈنگ کے بجائے مبینہ طور پر خود ساختہ جمپرز کے ذریعے بجلی بند کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاج کیا ہے ۔شہریوں کے مطابق ڈیسی والا بستی دایا کے عقب میں باغ کے جھنڈ میں مبینہ طور پر جمپرز بنائے گئے ہیں، جن کے ذریعے شہر کی بجلی بند کردی جاتی ہے ۔ شہری رانا عامر حمید ایڈووکیٹ، رانا مرسلین اور رانا عبدالرحمن سمیت دیگر نے بتایا کہ کئی گھنٹے بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے ۔ انہوں نے مذکورہ مقام کی ویڈیو بنا کر میڈیا نمائندگان کو بھی فراہم کی۔
لائن سپرنٹنڈنٹ ناظم حسین نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ میر حاجی کے مقام پر پرندوں کے جھنڈ کے باعث لائن ٹرپ ہوئی، جبکہ بستی نائی والا میں نصب نئے ٹرانسفارمر میں بھی خرابی آگئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 130کلومیٹر طویل لائن میں فالٹ تلاش کرنے اور پرمٹ حاصل کرنے میں دو سے تین گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ شہریوں کو زیادہ دیر بجلی بندش سے بچانے کے لیے متاثرہ علاقے کی بجلی عارضی طور پر بند کی جاتی ہے تاکہ فالٹ جلد دور کیا جاسکے ۔ایکسین واپڈا خان گڑھ عبیداللہ کھوسہ سے موقف کے لیے رابطہ کیا گیا، تاہم انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments