عید میلادالنبیﷺ پر واسا کا خصوصی پلان،افسروں ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

عید  میلادالنبیﷺ پر واسا  کا  خصوصی پلان،افسروں ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ جاری، دفاتر معمول کے مطابق کھلیں گے ، جلوس روٹس پر شرکاء کو ہرممکن سہولیات فراہم، صفائی نظام کی بہتری کے احکامات جاری

ملتان (وقائع نگار خصوصی )منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شوکت کی ہدایت پر جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہترین سہولیات کی فراہمی اور جلوس روٹس پر نکاسی آب سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لئے واسا ملتان کا خصوصی پلان جاری کر دیا گیا ہے ۔12ربیع الاول کے حوالے سے واسا کے تمام سیوریج، واٹر سپلائی اور ڈسپوزل اسٹیشنز ڈویژنوں کے افسر و ملازمین کی 26اگست کی چھٹی منسوخ کر دی گئی ہے ، جبکہ متعلقہ تمام دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے ۔ افسر و ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے لئے مکمل طور پر دستیاب رہیں اور جشن عید میلادالنبی ﷺ کے جلوس روٹس پر فراہمی و نکاسی آب سے متعلق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت الرٹ رہیں۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شوکت نے کہا کہ جشن عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر شہریوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی واسا کی اولین ترجیح ہے ۔ اس سلسلے میں مرکزی کمپلینٹ سیل 24 گھنٹے فعال رہے گا، جہاں شہری جلوس روٹس سمیت شہر کے کسی بھی علاقے میں واسا سے متعلق نکاسی آب، سیوریج، پانی کی فراہمی یا دیگر شکایات درج کرا سکیں گے ۔ شہری اپنی شکایات واسا کے مرکزی کمپلینٹ سیل کے رابطہ نمبر 1334 پر درج کراسکتے ہیں، جن پر متعلقہ افسر اور فیلڈ سٹاف کے ذریعے فوری کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...