غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز اوراوورچارجنگ پر6گرفتار
ملتان (وقائع نگار خصوصی) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز اور شہریوں سے اوور چارجنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں۔۔۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی مکرم سلطان کی سربراہی میں کے کے مارٹ، مال آف ملتان، چیز اپ، شریف پلازہ، برانڈ روڈ اور فاطمہ جناح ہسپتال کے پارکنگ سٹینڈز پر چھاپے مارے گئے ۔کارروائی کے دوران شہریوں سے غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے اور مقررہ فیس سے زائد رقم لینے کی تصدیق ہونے پر 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ انتظامیہ کے عملے نے کارروائی سے قبل سادہ لباس میں خفیہ طور پر مختلف پارکنگ سٹینڈز کا معائنہ کیا اور غیر قانونی فیس وصولی کے ٹوکن اور سلپس بھی حاصل کیں۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے گرفتار افراد کے خلاف 6 الگ الگ مقدمات درج کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔ انہوں نے مقدمات میں بھتہ خوری سے متعلق دفعہ بھی شامل کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں سے غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے اور اوور چارجنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو ناجائز وصولیوں سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments