نہم تا بارہویں کے پرچے آن لائن چیک کرنے کا فیصلہ
ضمنی امتحانات سے آغاز، کامیابی پر سالانہ امتحانات بھی نظام سے منسلک ہونگے
ملتان (خصوصی رپورٹر) پنجاب میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانی نظام کو جدید بنانے کے لیے نہم، دہم، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانی پرچے آن لائن سکرین مارکنگ سسٹم کے ذریعے چیک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نئے نظام کا عملی آغاز اکتوبر میں ہونے والے میٹرک کے دوسرے سالانہ امتحانات سے کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق دوسرے سالانہ امتحانات میں طلبہ کی جوابی کاپیاں روایتی طریقے سے ممتحنوں کو فراہم کرنے کے بجائے ڈیجیٹل صورت میں اسکرین پر دستیاب ہوں گی، جہاں مقررہ قواعد کے مطابق مارکنگ کی جائے گی۔ ابتدائی مرحلے میں نظام کی کارکردگی، ممتحنوں کی تربیت، تکنیکی سہولیات اور مارکنگ کے معیار کا جائزہ لیا جائے گا۔میٹرک کے دوسرے سالانہ امتحانات میں تجربہ کامیاب رہا تو یہی نظام انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحانات میں بھی نافذ کیا جائے گا۔
بعد ازاں نہم، دہم، گیارہویں اور بارہویں کے سالانہ امتحانات کی مارکنگ بھی مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے تحت کرنے کی طرف پیش رفت کی جائے گی۔حکام کے مطابق آن لائن مارکنگ سے امتحانی عمل میں شفافیت، میرٹ اور یکسانیت بہتر بنانے میں مدد ملے گی جبکہ انسانی غلطیوں اور انتظامی مسائل کے امکانات بھی کم ہوں گے ۔ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے امتحانی پرچوں کی جانچ، ریکارڈ کی منتقلی اور نتائج کی تیاری کے مراحل کی بہتر نگرانی ممکن ہوگی۔تعلیمی حلقوں کے مطابق نظام کی کامیابی کے لیے ممتحنوں کی مؤثر تربیت، انٹرنیٹ اور دیگر تکنیکی سہولیات، ڈیٹا سکیورٹی اور مسلسل نگرانی ضروری ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments