روٹری کلب کی اولڈ ایج ہوم میں بزرگ شہریوں کیلئے تقریب
روٹری کلب کی اولڈ ایج ہوم میں بزرگ شہریوں کیلئے تقریببزرگ معاشرے کا قیمتی سرمایہ، ان کا احترام ہماری ذمہ داری ، مقررین کا خطاب
ملتان (لیڈی رپورٹر) روٹری کلب ملتان مڈ ٹاؤن کے زیر اہتمام ملتان اولڈ ایج ہوم میں مقیم بزرگ شہریوں کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بزرگوں کے ساتھ وقت گزارنے ، ان کی دلجوئی اور انہیں معاشرے کا اہم حصہ ہونے کا احساس دلانے کے لیے کھانے کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا مقصد بزرگ شہریوں کے ساتھ باقاعدگی سے وقت گزارنا اور ان کے تجربات و زندگی کی یادوں سے استفادہ کرنا تھا۔ اس موقع پر روٹری انٹرنیشنل ساؤتھ زون کے کوآرڈینیٹر سلیم ناصر نے کہا کہ بزرگ ہمارے معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں، جنہوں نے اپنی زندگی خاندان اور معاشرے کی خدمت میں گزاری۔ ان کی ضروریات کا خیال رکھنے کے ساتھ انہیں وقت دینا، بات سننا اور محبت و احترام کا اظہار بھی ہماری سماجی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ روٹری کلب ملتان مڈ ٹاؤن کی جانب سے ہر ماہ اولڈ ایج ہوم کے بزرگوں کے ساتھ خصوصی نشست کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں کھانے کے علاوہ شاعری، گیتوں اور خوشگوار گفتگو کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ پروجیکٹس ڈائریکٹر سیدہ عروج فاطمہ، مرزا شاہد حسین، طاہر پراچہ اور ڈاکٹر افشاں گل نے کہا کہ ایسی محافل بزرگوں کے لیے خوشی اور اپنائیت کا باعث بنتی ہیں جبکہ نوجوان نسل ان کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھا سکتی ہے ۔ تقریب میں بزرگوں نے اپنی زندگی کے واقعات اور یادیں شرکا سے شیئر کیں۔ شاعری اور گیتوں سے محفل کو خوشگوار بنایا گیا۔ اولڈ ایج ہوم کی ڈائریکٹر سمعیہ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments