حسین آگاہی کے ترقیاتی کام سست، کاروباری سرگرمیاں متاثر
ملتان (لیڈی رپورٹر)انجمن تاجران مدنی و رحیم سنٹر کے صدر سید جعفر علی شاہ کی قیادت میں رحیم سنٹر اور مدنی ٹریڈ سنٹر حسین آگاہی کے تاجروں کے وفد نے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی سے ملاقات کی اور جاری ترقیاتی کاموں کی سست روی، ٹریفک کی مشکلات، تجاوزات اور کاروباری سرگرمیوں میں کمی سے آگاہ کیا۔
وفد میں خواجہ مدثر، ملک یاسین، خالد محمود، ندیم قریشی، ریحان بخاری، ارشد قریشی، شیخ فیصل، ملک راشد، ساجد عطاری، علی رضا، شہزاد انصاری، رانا آصف، محمد علی، کاشف جگنو اور خواجہ آصف شامل تھے ۔ تاجروں نے کہا کہ اندرون بازار حسین آگاہی، گھنٹہ گھر، حسینہ چوک، سرکلر روڈ اور حسین آگاہی تا دولت گیٹ روڈ جاری ترقیاتی کام سست روی کا شکار ہیں۔، جس سے گاہکوں کی آمدورفت متاثر اور کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ گئی ہیں۔ میپکو کی جانب سے بجلی کے کھمبوں کی تبدیلی اور دیگر کاموں کے دوران بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے بھی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔ تاجروں نے مطالبہ کیا کہ ترقیاتی کام زیادہ تر رات کے اوقات میں اور جمعہ کے روز تیزی سے کئے جائیں تاکہ جلد مکمل ہوسکیں۔ انہوں نے سرکلر روڈ اور دولت گیٹ روڈ پر رکشوں کی بھرمار اور تجاوزات ختم کرکے ٹریفک کی روانی بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ تاجروں کے مطابق شادیوں کا سیزن قریب ہے ، اس لئے کاموں کی سست روی اور راستوں کی بندش سے ناقابل تلافی مالی نقصان ہوسکتا ہے ۔ خواجہ سلیمان صدیقی نے تاجروں کو مسائل متعلقہ حکام کے سامنے اٹھانے اور حل کیلئے کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments