ریلوے پولیس کی ٹکٹ لیس مسافروں کی چیکنگ سے علیحدگی
ملتان(خصوصی رپورٹر)پاکستان ریلوے پولیس نے ٹکٹ لیس مسافروں کی معمول کی چیکنگ میں شرکت فوری طور پر ختم کرتے ہوئے کمرشل برانچ، ایس ٹی ایز اور ٹی ٹی ایز کے ساتھ مشترکہ چیکنگ کا ایس او پی واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔
دفتر انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس سے جاری مراسلے کے مطابق 17 اور 18 ستمبر 2026 کو جاری کئے گئے وہ تمام خطوط کالعدم قرار دے دیئے گئے ہیں جن کے تحت ٹکٹ لیس مسافروں کی چیکنگ کیلئے سی پی او کی 4 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ مذکورہ ٹیموں کو فوری طور پر واپس بلا لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ایس او پی واپس لینے کی بنیادی وجوہات میں پولیس نفری کو بنیادی سکیورٹی ڈیوٹیوں سے ہٹانے سے روکنا اور ممکنہ قانونی پیچیدگیوں سے بچنا شامل ہے ۔ ریلوے پولیس اہلکاروں کو روٹین جوائنٹ چیکنگ کیلئے تعینات نہ کرنے کے سخت احکامات جاری کرتے ہوئے نفری کو بنیادی سکیورٹی فرائض انجام دینے کا پابند کردیا گیا ہے ۔نئے احکامات کے تحت ریلوے پولیس ٹکٹ لیس مسافروں کی معمول کی مشترکہ چیکنگ کا حصہ نہیں ہوگی۔ تاہم دوران سفر مسافروں کی جانب سے شدید مزاحمت، بدتمیزی یا امن و امان کی صورتحال پیدا ہونے پر پولیس معاونت فراہم کرے گی۔ ایسی معاونت ایس ٹی ایز اور ٹی ٹی ایز کی باقاعدہ تحریری درخواست سے مشروط ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments