ملتان ڈویژن کا آرائشی منصوبہ جلد مکمل کرنیکا ہدف
ملتان(وقائع نگار خصوصی)ملتان ڈویژن کے چاروں اضلاع ملتان، خانیوال، لودھراں اور وہاڑی میں بیوٹیفکیشن، بحالی اور شہری سہولیات کی بہتری کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔
کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت اجلاس میں ڈویژن بھر میں جاری منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر ملتان ڈویژن نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن اور بحالی کے منصوبوں پر کام کی رفتار برقرار رکھتے ہوئے معیار اور پائیداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو بہتر ماحول اور معیاری شہری سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام متعلقہ محکمے مؤثر رابطے کے ساتھ کام کریں۔ کمشنر ملتان ڈویژن نے ہدایت کی ہے کہ ڈویژن کے مختلف شہروں میں جاری خوبصورتی منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ ان کی مستقل مینٹیننس کا مؤثر نظام بھی تشکیل دیا جائے تاکہ شہری سہولیات اور خوبصورتی کے کام طویل عرصے تک برقرار رہیں۔
بازاروں میں صفائی، پیدل راستوں، پارکنگ اور دیگر تیار شدہ سہولیات کی حفاظت کے لئے شفٹوں میں عملہ موجود ہو تاکہ شہریوں کی جانب سے سہولیات کو نقصان پہنچانے کی روک تھام بھی کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جن مقامات پر پارکنگ ایریاز بنائے گئے ہیں وہاں پارکنگ لائنز اور مقررہ زاویے کے مطابق گاڑیوں کی پارکنگ یقینی بنانے کے لئے ابتدائی عرصے میں باقاعدہ عملہ تعینات کیا جائے ۔ بازاروں کے تاجروں اور متعلقہ کاروباری افراد کے تعاون سے پارکنگ مینجمنٹ کا نظام بھی وضع کیا جا سکتا ہے۔
کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ مکمل ہونے والے منصوبوں کے آپریشنل نظام پر بھی کام ساتھ جاری رکھا جائے، خصوصاً ایسے مقامات جہاں کیفے، واش رومز یا دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ان کے لئے آپریشن اور مینٹیننس کا نظام منصوبے کی تکمیل سے قبل ہی طے کیا جائے۔انہوں نے حسین آگاہی اور دیگر تاریخی و تجارتی علاقوں میں جاری فساڈ اپ گریڈیشن، فٹ پاتھ، پارکنگ اور دیگر بحالی کے کاموں کے ڈیزائن کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں، پیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کی آمدورفت کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی جائے ۔اجلاس میں ملتان کے برانڈز روڈ کی اپ گریڈیشن کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ 360 ملین روپے مالیت کے منصوبے کی فزیکل پیش رفت 83 فیصد ہے اور جو کہ بجلی کے خصوصی ٹرانسفارمرز اور تاریں آتے ہی مکمل کرلیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments