ستھرا پنجاب : 15روز سے پٹرول بند، صفائی نظام شدید متاثر
لوڈر رکشے اور ہیوی مشینری بند، گلی محلوں میں کچرے کے ڈھیر لگ گئے
سکندرآباد (نامہ نگار )حکومت پنجاب کے منصوبے ‘‘ستھرا پنجاب’’ کے تحت شجاع آباد میں صفائی کا نظام گزشتہ 15 روز سے شدید متاثر ہے ۔ ذرائع کے مطابق تحصیل بھر کے صفائی عملے کو پٹرول کی سپلائی معطل ہونے کے باعث لوڈر رکشے اور ہیوی مشینری بند ہو گئی ہے ، جس سے شہر کے مختلف گلی محلوں میں کچرے کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔ کچرے سے اٹھنے والے تعفن کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ علاقہ مکینوں نے ممکنہ وبائی امراض کے خدشے کا بھی اظہار کیا ہے ۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے جس میں صفائی ورکرز پٹرول نہ ہونے کے باعث کچرا اٹھانے والے لوڈر رکشے کو سڑک پر دھکا لگاتے دکھائی دے رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صفائی کے لیے مختص وسائل کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے اور پٹرول کی سپلائی فوری بحال کی جائے ۔ علاقہ مکینوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے معاملے کا فوری نوٹس لینے اور صفائی کا نظام بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments