واسا میں مبینہ رشوت ستانی، سیورمین گرفتار، ساتھی فرار

واسا میں مبینہ رشوت ستانی، سیورمین گرفتار، ساتھی فرار

اینٹی کرپشن کارروائی میں 20 ہزار روپے برآمد، دونوں بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج

ملتان (خصوصی رپورٹر)واسا ملتان میں سیوریج شکایات کے نام پر مبینہ رشوت ستانی اور سرکاری وسائل کے ناجائز استعمال کے الزام میں دو بھائیوں کے خلاف کارروائی سامنے آئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق سیورمین سپروائزر شعیب خان کو اینٹی کرپشن نے گرفتار کرلیا، جبکہ اس کا بھائی کامران خان فرار ہے ۔ سپیشل جج اینٹی کرپشن نے شعیب خان کی ضمانت خارج کرتے ہوئے اسے دوبارہ جیل بھیج دیا۔ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن ملتان نے دیوان دا باغ، نواب پور روڈ کے رہائشی محمد خلیل کی شکایت پر جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں ٹریپ ریڈ کی، جس کے دوران شعیب خان کو مبینہ طور پر رشوت وصول کرتے ہوئے گرفتار کرکے 20 ہزار روپے برآمد کئے گئے ۔ دونوں بھائیوں کے خلاف اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ ایف آئی آر کے مطابق 14 ستمبر کو واسا میں سیوریج سے متعلق شکایت درج ہونے کے بعد کامران خان نے شہری سے رابطہ کیا اور مبینہ طور پر 20 ہزار روپے وصول کئے ، بعدازاں شعیب خان نے بھی شہری سے رقم کا مطالبہ کیا۔ شعیب خان پر سیوریج مسئلہ حل کرنے کے عوض ایک لاکھ روپے طلب کرنے اور جاز کیش کے ذریعے 25 ہزار روپے وصول کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے ۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دونوں بھائیوں کے خلاف شہریوں سے مبینہ غیر قانونی رقوم وصول کرنے کی مزید شکایات بھی زیر گردش ہیں۔ بعض نجی کالونیوں میں سرکاری گاڑیوں کے مبینہ استعمال کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مقدمے کے باوجود دونوں ملازمین کے خلاف تاحال محکمانہ معطلی یا دیگر تادیبی کارروائی نہیں کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...