وہاڑی میں پٹرولیم لیوی کے خلاف دستخطی مہم شروع
جماعت اسلامی کا پٹرول سستا، بجلی کے نرخ کم اور حکومتی مراعات ختم کرنے کا مطالبہ
وہاڑی(خبرنگار، نمائندہ خصوصی ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی کال پر ملک بھر کی طرح وہاڑی میں بھی پٹرولیم لیوی کے خلاف دستخطی مہم کا آغاز کردیا گیا۔ اس سلسلے میں میونسپل کمیٹی کے باہر جماعت اسلامی کی جانب سے دستخطی کیمپ لگایا گیا، جس میں امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر نے خصوصی شرکت کی۔کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے سید ذیشان اختر نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسز ختم کرکے پٹرول کی قیمت کم کی جائے ، آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی کرکے بجلی سستی کی جائے اور حکمرانوں و افسر شاہی کو حاصل مفت پٹرول، بجلی اور دیگر مراعات ختم کی جائیں، جبکہ سرکاری گاڑیوں کو 1300 سی سی تک محدود کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بڑھ رہی ہے ، وزیراعظم شہباز شریف نے حافظ نعیم الرحمن سے جو وعدے کیے تھے ان پر عملدرآمد کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ، بصورت دیگر احتجاج کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ دستخطی مہم میں امیر ضلع طارق محمود چوہدری، راؤ فرمان کوثر، علی احمد صابر‘ عمر نفیس سمیت دیگر عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments