محکمہ سکول ایجوکیشن ،8 اضلاع کے سی ای اوز تبدیل
گریڈ 19 افسران کی تعیناتی متوقع،انٹرویوز مکمل ، نام جلد فائنل ہوں گے
ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے کے 8 اضلاع میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز ایجوکیشن) کی تبدیلی کے لیے اہم پیش رفت مکمل کرلی۔ موجودہ گریڈ 18 کے افسران کی جگہ گریڈ 19 کے افسران تعینات کیے جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق سی ای اوز ایجوکیشن کی تعیناتی کے لیے انٹرویوز کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے جبکہ فیز فور کے تحت کامیاب امیدواروں کی تعیناتی کا عمل جلد مکمل ہونے کا امکان ہے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے ضلعی سطح پر انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے اور سینئر افسران کی خدمات سے فائدہ اٹھانے کے لیے مختلف اضلاع میں سی ای او ایجوکیشن کی آسامیوں پر گریڈ 19 کے افسران کی تعیناتی زیر غور ہے ۔ اس سلسلے میں متعلقہ افسران کے انٹرویوز مکمل کیے جاچکے ہیں اور کامیاب امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کا مرحلہ جاری ہے ۔ذرائع کے مطابق فیز فور کے تحت انٹرویوز میں کامیاب قرار پانے والے افسران کو میرٹ اور انتظامی ضرورت کے مطابق مختلف اضلاع میں بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی تعینات کیا جائے گا۔ نئی تعیناتیوں کے بعد سکول ایجوکیشن سے متعلق انتظامی امور، اساتذہ کی حاضری، طلبہ کے داخلوں، سکولوں کی مانیٹرنگ، تعلیمی نتائج اور مختلف تعلیمی پروگراموں پر عملدرآمد کی نگرانی مزید سینئر سطح پر ہونے کی توقع ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments