ایچ ای سی کے نام پر جعلسازی، شہریوں کو انتباہ جاری
جعلساز ڈگری تصدیق اور دیگر خدمات کے نام پر شہریوں سے رقم مانگتے ہیں
ملتان (خصوصی رپورٹر)ایچ ای سی کے نام پر جعلسازی، شہریوں کو جعلی فون کالز سے خبردار کر دیا گیا ،ایڈوائزری جاری ۔تفصیل کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے اپنے نام پر ہونے والی جعلسازی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر شہریوں کے لیے اہم ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے جعلی فون کالز اور مالی فراڈ سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ایچ ای سی کے مطابق کمیشن کو متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں جعلساز خود کو ایچ ای سی کا نمائندہ ظاہر کرکے شہریوں سے فون پر رابطہ کرتے ہیں اور ڈگری اٹیسٹیشن، ایکولینس، تصدیق اور دیگر تعلیمی خدمات کی فراہمی کے نام پر رقم یا ذاتی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ جعلساز مختلف طریقوں سے شہریوں کو اپنے جال میں پھنسانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس لیے کسی غیر مصدقہ فون کال، پیغام یا رابطے پر اعتماد نہ کیا جائے ۔ شہری کسی بھی شخص کو ذاتی معلومات، پن کوڈ، پاس ورڈ یا دیگر حساس معلومات فراہم نہ کریں۔کمیشن نے بتایا کہ ایچ ای سی فون کال کے ذریعے کسی سروس کی فراہمی نہیں کرتا اور نہ ہی اس کے نمائندگان شہریوں سے فون پر رقم، پن کوڈ یا پاس ورڈ طلب کرتے ہیں۔ اگر کوئی شخص ایچ ای سی کے نام پر فون کرکے کسی سروس کے عوض رقم یا حساس معلومات مانگے تو اسے مشکوک سمجھتے ہوئے فوری احتیاط کی جائے ۔ایچ ای سی نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ ڈگری اٹیسٹیشن، ایکولینس اور دیگر خدمات کے لیے صرف کمیشن کے سرکاری اور مصدقہ ذرائع استعمال کریں۔ کسی غیر متعلقہ فرد یا غیر مصدقہ ذریعے کو ادائیگی نہ کی جائے ۔ مشکوک کال موصول ہونے کی صورت میں متعلقہ ٹیلی کام آپریٹر کی ہیلپ لائن یا پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) کو اطلاع دی جائے تاکہ جعلسازی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments