سکولوں میں تعمیرات، طلبہ کے تحفظ کیلئے اقدامات کا حکم
تعمیراتی مقامات کی 24 گھنٹے نگرانی، غفلت پر افسران وہیڈ ٹیچر ذمہ دار ہونگے
ملتان (خصوصی رپورٹر)سرکاری سکولوں میں تعمیراتی کام کے دوران طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کا حکم دے دیا گیا۔ اس سلسلے میں تعمیراتی مقامات کو مکمل طور پر محفوظ اور الگ تھلگ رکھنے کے ساتھ 24 گھنٹے نگرانی کے لیے اساتذہ اور دیگر عملے کی ڈیوٹیاں لگانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جن سرکاری سکولوں میں تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں، وہاں کام کی جگہ کو مناسب طریقے سے گھیر کر محفوظ بنایا جائے تاکہ طلبہ اور غیر متعلقہ افراد کی رسائی روکی جاسکے ۔تعمیراتی مقام کے گرد مناسب رکاوٹیں قائم کرنے سمیت تمام ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ہر تعمیراتی مقام پر ایک ذمہ دار استاد یا عملے کے رکن کو تعینات کیا جائے گا، جو 8،8 گھنٹے کی 3 شفٹوں میں 24 گھنٹے حفاظتی انتظامات کی نگرانی کرے گا۔ کسی بھی طالب علم یا بچے کو تعمیراتی مقام میں داخل ہونے یا وہاں تک پہنچنے کی اجازت نہیں ہوگی۔مراسلے کے مطابق تعمیراتی مقامات کی نگرانی پر مامور اساتذہ، افسران اور دیگر عملے کے ڈیوٹی روسٹرز تیار کرکے نوٹیفکیشن جاری کیے جائیں اور تمام ریکارڈ سکول میں محفوظ رکھا جائے ۔ تعمیراتی کام مکمل ہونے تک حفاظتی انتظامات ہر صورت برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز اور سربراہان ادارہ پابند ہوں گے کہ وہ سکولوں میں جاری تعمیراتی کام کا باقاعدگی سے معائنہ اور مؤثر نگرانی کریں۔ متعلقہ افسران ذاتی طور پر اس امر کی تصدیق کریں گے کہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے ۔
غفلت یا حفاظتی انتظامات میں ناکامی کے باعث کسی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں متعلقہ افسر اور ہیڈ ٹیچر کو ذاتی طور پر ذمہ دار قرار دیا جائے گا، جبکہ سنگین کوتاہی پر قانون کے مطابق کارروائی بھی ہوسکتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments