میلسی:خستہ حال سڑک پر حادثہ، نوجوان جاں بحق
گڑھوں کے باعث موٹر سائیکل بے قابو،مرتضیٰ چل بسا ، والدہ شدید زخمی
میلسی(نامہ نگار) میلسی وہاڑی روڈ کی خستہ حالی اور جگہ جگہ گڑھوں کے باعث حادثات کا سلسلہ جاری ہے ، گزشتہ روز باغوچی والا کے قریب موٹر سائیکل حادثے میں نوجوان جاں بحق جبکہ اس کی والدہ شدید زخمی ہوگئیں۔ تفصیل کے مطابق پل ڈھمکی کا رہائشی ملک مرتضیٰ کھکھ اپنی والدہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ باغوچی والا کے قریب سڑک پر موجود گڑھوں کے باعث موٹر سائیکل کا توازن برقرار نہ رہ سکا اور حادثہ پیش آگیا۔ حادثے کے نتیجے میں ملک مرتضیٰ کھکھ شدید زخمی ہوگیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کی والدہ بھی شدید زخمی ہوگئیں۔ زخمی خاتون کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال میلسی منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔اہل علاقہ نے سڑک کی خستہ حالی پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ میلسی وہاڑی روڈ طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور متعدد بار متعلقہ حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا جاچکا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments