مظفرگڑھ ،نجی اکیڈمی کے طالبعلم پر مبینہ تشدد، ویڈیوز وائرل
مائیگریشن لیٹر دینے کے بہانے بلا کرتشدد کا نشانہ بنایا، والد کا کارروائی کا مطالبہ
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)نجی اکیڈمی میں مالک، اساتذہ ودیگر طلبہ کا نویں کے طالبعلم پر مبینہ تشدد،ویڈیو وائرل۔متاثرہ طالبعلم نعمان نے الزام لگایا ہے کہ اسے مائیگریشن لیٹر دینے کے بہانے اکیڈمی بلا کر ڈنڈوں، راڈ اور مکوں سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد معاملہ سامنے آیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ملتان روڈ پر واقع رائز اکیڈمی میں جمعرات کے روز مبینہ طور پر طالبعلم نعمان کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ متاثرہ طالبعلم کے مطابق وہ مائیگریشن لیٹر لینے اکیڈمی پہنچا تو وہاں موجود اساتذہ، انتظامیہ اور دیگر طلبہ نے اسے مارنا شروع کر دیا۔ اس کا کہنا ہے کہ تشدد کے باعث وہ بے ہوش ہو گیا اور اس کے جسم پر زخموں کے نشانات پڑ گئے ۔ عینی شاہدین کے مطابق طالبعلم کے ساتھ بدسلوکی بھی کی گئی، جبکہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں ایک طالبعلم کو ہنٹر اٹھائے دیکھا جا سکتا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق اکیڈمی انتظامیہ کو شبہ تھا کہ نعمان سوشل میڈیا پر ادارے کے خلاف پوسٹیں کرتا ہے ۔ متاثرہ طالبعلم کے والد قمر بھٹہ نے واقعے کی انکوائری اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ طالبعلم کی درخواست موصول ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments