اراضی تنازع پرچچا اور ساتھیوں پر تشدد ،متعدد زخمی
ایک کا بازو ٹوٹ گیا،دو ایکڑ اراضی پر قبضے کی مبینہ کوشش، انصاف کا مطالبہ
جودھ پور ،بارہ میل(نمائندہ دنیا) تھانہ حویلی کورنگا کی حدود میں دو ایکڑ زرعی اراضی کے تنازع پر چچا اور اس کے مبینہ مسلح ساتھیوں کی جانب سے بھتیجیوں کے اہلِ خانہ پر تشدد کا الزام سامنے آیا ہے ۔ واقعے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ، جبکہ ایک شخص کا بازو ٹوٹ گیا اور خاتون کے سر پر شدید چوٹ آئی۔ متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور ڈی پی او خانیوال سے انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے ۔تفصیلات کے مطابق چک 13 لاٹ کے رہائشی محمد فقیر، منیر، وزیر، رضیہ بی بی، ممتاز مائی اور واجدہ بی بی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کے چچا محمد بشیر نے مبینہ ساتھیوں شہباز، صفدر اور راشد کے ہمراہ ان پر حملہ کیا۔ ان کے مطابق حملہ آوروں نے ڈنڈوں، سوٹوں اور آہنی سریوں سے تشدد کیا، جس سے محمد فقیر کا بازو ٹوٹ گیا، ممتاز مائی کے سر پر چوٹ آئی جبکہ منیر، وزیر اور دیگر افراد بھی زخمی ہوئے ۔ متاثرہ خواتین نے کپڑے پھاڑنے اور بدسلوکی کا الزام بھی عائد کیا۔متاثرین کے مطابق زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کبیروالا منتقل کیا گیا، جبکہ پولیس بھی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی۔ خاندان کا کہنا ہے کہ تنازع واجدہ بی بی، رضیہ بی بی اور ممتاز بی بی کی ملکیتی دو ایکڑ اراضی پر قبضے کی مبینہ کوشش سے متعلق ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments